پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں سیلاب کے باعث کیچ کورندی کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حفاظتی بند ٹوٹنے کے باعث مکران زون کی قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ متاثرین کو امدادی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں جبکہ تربت مکران کے متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار افراد کی منتقلی تیزی سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے محکمہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو بارش سے موسیٰ خیل اور ڈیرہ بگٹی میں 2 بچوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد صوبے میں اب تک بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 104 جبکہ زخمیوں کی تعداد 61ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 40 مرد ،30خواتین جبکہ 34 بچے شامل ہیں۔
اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔