اسلام آباد: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے ایمیزون پلیٹ فارم کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے بارے میں ایک ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں تاجر برادری کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل مختارنے تاجروں کو ایمیزون سیلر رجسٹریشن کے طریقہ کار، پروڈکٹ پروجیکشن اور اکاؤنٹ مینجمنٹ کے بارے میں تفصیلی پریزینٹیشن دی۔ محترمہ عروہ حسن نے تاجر برادری کو ایمیزون کے ذریعے کاروبار کرنے کیلئے ادائیگیوں کے طریقہ کار کے بارے میں پریزینٹیشن دی۔ عامر خان نے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ وہ کس طرح ایمیزون پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں، اس کی د ستاویزی ضروریات کیا ہیں اور پراڈیکٹس نقصانات کی کتنی شرح پر اکاؤنٹ ملتوی اور منسوخ ہو گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ ایمیزون بزنس کمیونٹی کو دنیا کی کئی مارکیٹوں تک رسائی فراہم کرتا ہے لہذا وہ اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دینے کیلئے اس پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق 2022 میں عالمی ای کامرس مارکیٹ 5کھرب ڈالر سے تجاوز جائے گی جبکہ آن لائن ریٹیل سیل 2023 میں 6 کھرب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اس تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ میں بہتر شیئر حاصل کرنے کی کوشش کرے جس سے وہ ملک کی تجارت و برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ای کامرس مارکیٹ 2022 میں 7 ارب ڈالر اور 2025 تک 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان آن لائن کاروبار کے لیے ایک امید افزا مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر کروناوائرس نے ای کامرس کی ترقی کے لیے بہت سے نئے مواقع پیدا کیے ہیں کیونکہ کرونا کے دوران آف لائن کاروبار کو بہت نقصان ہوا ہے جبکہ آن لائن کاروبار بہتر ترقی حاصل کی ہے۔
محمد شکیل منیر نے تاجربرادری پر زور دیا کہ صارفین کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے آن لائن سیل کے دوران مصنوعات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے انفراسٹریکچر کو مزید وسعت دینے پر توجہ دی جائے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ بجلی کی بار بار بندش کے ماحول میں ای کامرس اور آن لائن کاروبار کیلئے ترقی کرنا مشکل ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے ایمیزون کے بارے میں چیمبر میں ٹریننگ پروگرام منعقد کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی ٹی ڈی اے پی کے اشتراک سے ایسے پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کرے گا جس سے بزنس کمیونٹی کو کاروبار کو بہتر فروغ دینے میں سہولت ہو۔
شرکاء نے اس موقع پر ایمیزون کے ذریعے کاروبار کرنے کے بارے میں متعدد سوالات کئے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔