ضمنی انتخابات، ووٹ کی طاقت سے انتشار اور نفرت کو مسترد کریں۔وزیراعظم

کالمز

"Conspiracies of the Elites Exposed!"
سرمایہ داروں کی خوشحالی، عوام کی غربت، پاکستان کی معیشت کا کھلا تضاد
Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
پرتگال اور پاکستان کے درمیان 75 سالہ خوشگوار سفارتی تعلقات
Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
دھوکا دہی کے بدلے امن انعام؟
سیلاب
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ووٹ کی طاقت سے انتشار اور نفرت کی سیاست کو مسترد کردیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کے پونے 4سالہ سیاہ دور کی کرپشن، نااہلی اور معاشی تباہی کے بارے میں سوچئے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا خدشہ، پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی الیکشن کا آغاز

ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ووٹ ڈالتے ہوئے مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی اور تبدیلی کے نام پر برپا تباہی پر ضرور سوچئے گا۔ پاکستان پی ٹی آئی دور میں اپنی منزل سے دور ہوا، اس کا اظہار آپ نے اپنے ووٹ سے کرنا ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب کو پونے 4سال تک بد ترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا۔ شہریوں کو مفت ادویات اور طلبہ کو وظائف سے محروم کیا گیا۔ سرکاری آسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خریدوفروخت کی گئی۔

عمران خان کے پونے 4سالہ دورِ حکومت کی کارکردگی کے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی۔ پنجاب کی جو حالت کی گئی، وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے۔ اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ ایک شخص کی انا، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران ووٹرز کو پی ٹی آئی کے دور کے متعلق سوچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں۔ مجھے آپ کی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔ 

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے 14 اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج منعقد ہو رہے ہیں۔ آج صبح سے شروع ہونے والی ووٹنگ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ عوام کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکل آئی۔

Related Posts