حجاز مقدس میں دنیا بھر سے آئے 10 لاکھ مسلمان جمعہ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد غروب آفتاب کے وقت مزدلفہ روانہ ہوگئے جہاں عشاء کے وقت مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔
جمعہ کو میدان عرفات میں ہر طرف لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں اللہ کے حضور دعاؤں میں مصروف رہے۔
عازمین مزدلفہ میں آج رات قیام اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور ہفتے کی صبح فجر کی نماز ادا کرکے رمی ( بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے) کے لیے جمرات روانہ ہوجائیں گے۔
اس کے بعد وہ قربانی کریں گے اور پھر حلق کروا کر احرام اتارکر اس کی پابندیوں سے آزاد ہوجائیں گے۔
اس سے قبل لاکھوں عازمین نے جمعرات 7 جولائی کو مسجد الحرام سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وسیع خیموں والے شہر منیٰ میں رات گزاری، جہاں انہوں نے ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کیں، حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات پہنچے۔