لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گی جس کے دوران جلسے بھی ہوں گے۔ دوروں کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے اور جلسوں سےخطاب کریں گی جن میں ساہیوال، جھنگ، لیہ، راولپنڈی، لاہور اور ملتان شامل ہیں۔
ناداروں کے ریلیف کو گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریم نواز 11 جولائی کو ساہیوال، 12 کو جھنگ، 13 کو لیہ، 14کو راولپنڈی وخوشاب جبکہ 15 جولائی کو لاہور اور ملتان پہنچیں گی اور جلسوں سے خطاب کرکے پارٹی کارکنان کا لہو گرمائیں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکنِ پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان کی آواز مریم نواز ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گی۔
پنجاب کی آواز، پاکستان کی آواز، مریم نواز کا ضمنی انتخابات میں پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ۔ pic.twitter.com/1CMxglY0zH
— Sania Ashiq (@SaniaaAshiq) July 8, 2022
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناداروں کے ریلیف کو گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھا دیاگیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے پنجاب میں 100 یونٹ تک مفت بجلی معطل کیے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے حالیہ بیان میں مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔