لندن: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں اطلاعات کے مطابق ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
ظہیر عباس کی اہلیہ ثمینہ عباس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے بہتر نگہداشت کیلئے انھیں آئی سی یو میں رکھا ہوا ہے۔تاکہ ان کی ہر وقت بہتر طور پر نگرانی ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ 74 سالہ ظہیر عباس دبئی میں کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے بعد میں پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر گزشتہ اتوار کو انہیں دبئی سے لندن منتقل کیا گیا تھا۔
اہلیہ کے مطابق نمونیا کے سبب انہیں ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کیاگیا تھا، اب ان کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے تاہم ڈاکٹرز نے بہتر نگہداشت کے لیے اب تک انہیں آئی سی یو میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مایا ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کو اپنی شاندار بیٹنگ کے سبب ایشین بریڈ میں کے نام سے جانا جاتا ہے، ظہیر عباس 16-2015 کے عرصے کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کے میچز کراچی اور لاہور میں ہوں گے