لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے دوبارہ کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کی خواہش ظاہر کردی۔
حال ہی میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود نے کہا کہ اُن کے پاس انتظامی امور سنبھالنے کا 50 سال کا تجربہ ہے، وہ پی سی بی گورننگ کونسل ممبر ہونے کے ساتھ قومی ٹیم کے منیجر بھی رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر حکومتِ وقت اور پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے کہا تو وہ انکار نہیں کریں گے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق، سیریز ستمبر سے شروع ہونے کا امکان
خالد محمود نے کہا کہ ماضی میں میاں نواز شریف نے بھی اُن سے بورڈ کے حوالے سے سوال پوچھا اور پھر بورڈ کی بھاگ ڈور ہاتھ میں تھمادی تھی۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پی سی بی کے چیئرمین اور معاملات پر گفتگو کرنی چاہی تو وزیر اعظم نے اُلٹا اُن سے سوال کردیا، آپ بتائیے بورڈ کیسا چل رہا ہے۔
خالد محمود نے وزیراعظم سے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ بناتے وقت اُس کا تجربہ اور کام دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی ایک اہم عہدہ ہے اور اس عہدے کی شان اور تقاضہ ہے کہ اس کے لیے دوڑ دھوپ نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فی الحال پی سی بی چیئرمین کو تبدیل کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی اور مسائل ہيں، فی الحال تبديلی کا وقت نہیں ہے۔