پی آئی اے کے پسنجر ہینڈلنگ اسٹاف کی فرض شناسی اور ذمے دارانہ رویے کے باعث لاہور سے کینیڈا جانے والے مسافر کو اس کا گم شدہ سامان بروقت مل گیا، جس پر مسافر نے پی آئی اے اسٹاف کے ذمے دارانہ رویے کی تحسین کی۔
ایم ایم نیوز کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو جانے والی 16 جون کی پرواز پی کے 789 کا مسافر لاہور ایئرپورٹ کے چیک اِن کاؤنٹر پر اپنا سفری پاؤچ بھول گیا جس میں 3,035 کینیڈین ڈالر اور کچھ دستاویزات موجود تھیں۔
پرواز کی روانگی کے بعد پی آئی اے کے عملے کو جب پاؤچ ملا تو اس نے اسے تحویل میں لے لیا اور فلائٹ کی ٹورنٹو آمد پر مسافر سے رابطہ کرکے سامان ملنے کی اطلاع دی۔
مسافر کی جانب سے اپنے رشتہ دار کے نام ایک اتھارٹی لیٹر بھیجاگیا جس کے بعد پی آئی اے ایئرپورٹ اسٹیشن منیجر کے دفتر سے سفری پاؤچ جس میں رقم اور دستاویزات موجود تھیں مسافر کے رشتہ دار کے حوالے کی گئیں۔
پی آئی اے کے عملے کی فوری کارروائی کو مسافر نے سراہا اور لاہور اور ٹورنٹو ایئرپورٹ پر فوری رابطہ اور کوششوں پر پی آئی اے حکام کا شکریہ ادا کیا۔