آج کل جس نوجوان کو دیکھو وہ اپنی نوکری سے ناخوش نظر آتا ہے اور ایسے مواقعوں کی تلاش میں رہتا ہے کہ جس سے کم وقت میں زیادہ آمدنی حاصل کی جاسکے۔
حال ہی میں بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ سری نواس گوڑا نے آئی ٹی نوکری چھوڑ کر گدھوں کا فارم کھول لیا جہاں سے وہ ماہانہ لاکھوں روپے کمارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سری نواس نے 2020 تک ایک سافٹ ویئر کمپنی میں کام کیا لیکن بعد میں اسے چھوڑ دیا اور گاؤں میں 2.3 ایکڑ کی جگہ پر اسیری فارمز کی بنیاد رکھی۔
اس فارم میں بکریاں، خرگوش اور مرغیاں موجود تھیں تاہم اب رواں ماہ انہوں نے اس میں گدھے اور گدھیوں کا بھی اضافہ کرلیا ہے جبکہ ان کے فارم میں اس وقت 20 گدھے اور گدھیاں موجود ہیں۔
بھارتی شہری کے مطابق گدھی کا دودھ لذیذ، مہنگا اور دواؤں میں بھی استعمال ہوسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اُسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری گدھی کا دودھ پیکٹوں میں خرید سکیں گے جبکہ 30 ملی لیٹر دودھ کے پیکٹ کی قیمت 150 بھارتی روپے ہوگی اور یہ دکانوں اور سپر مارکیٹوں پر دستیاب ہوگا۔