راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کیخلاف شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، کلیئرنس آپریشن شروع کے دوران دہشت گردوں نے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ندیم اور شہزاد عالم واصل جہنم ہوگئے۔
مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک