اسلام آباد: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کو من گھڑت الزامات کی بنیاد پر سزا سنانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خطرہ ہے کہ انھیں زیرِ حراست قتل کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کی سزا پر اقوامِ متحدہ سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیرقانونی غاصبانہ قبضے، اور وہاں کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی عدالت نے من گھڑت، جھوٹے الزامات پر دائر مقدمے میں یاسین ملک کو سزا سنائی، حریت رہنما یاسین ملک کے ساتھ بیماری کے باوجود جیل میں بے رحمانہ سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی قید، من گھڑت الزامات پر مقدمہ، بدنیتی پر مبنی سزا بھارتی عزائم کی عکاس ہے، بھارت کی کوشش ہے کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کے طور پر پیش کیا جائے، بھارت نے اپنی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو مکمل نظر انداز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج اہم ریاستی ادارہ اور قوم کا فخر ہے، شہباز شریف