اوکلاہوما سٹی: امریکی ریاست اوکلاہوما کے ہسپتال پر مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حملہ آور نے ہسپتال پر اندھادھند گولیاں چلائیں جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں مسلح حملہ آوروں کے حملوں کے باعث خوف و دہشت پھیل گئی ہے۔ مسلح شخص نے اوکلاہوما کے شہر ٹولسا میں واقع ہسپتال پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے مبینہ طور پر وہ خود بھی زخمی ہو کر ہلاک ہوگیا۔
امریکا میں سکیورٹی ایجنسیوں کی کارروائی،70گمشدہ بچے بازیاب
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سینٹ فرانسس ہسپتال کے کیمپس میں کی جانے والی فائرنگ کے بعد ہسپتال کو خالی کرایا جارہا ہے۔ ڈپٹی پولیس چیف جوناتھن بروکس کا کہنا ہے کہ مسلح شخص نے ہینڈ گن اور لانگ گن استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی۔
حملہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا یا نہیں، تاحال اس پر تفتیش جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ حملے کے محرک کے متعلق فی الوقت کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز شام کو 5 بجے کے وقت پیش آیا تھا۔
اوکلاہوما پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حملہ آور سینٹ فرانسس ہسپتال کی دوسری منزل سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا، جس سے کچھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ امریکی صدر کو بھی آگہی دے دی گئی۔
مئی کے دوران امریکا میں فائرنگ کے 2 بڑے واقعات پیش آئے جن میں 31 افراد ہلاک ہوئے۔ ٹیکساس میں 21 جبکہ بفیلو نیو یارک میں 10 افراد کو ہلاک کیا گیا۔ امریکی عوام نے فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گن کنٹرول کا مطالبہ کیا ہے۔