ٹیکساس:امریکی ریاست ٹیکساس میں سکیورٹی ایجنسیوں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 70 گمشدہ بچوں کو بازیاب کرالیا۔
بین الاقوامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشنز نے 25 مئی کو اس بات کا اعلان کیا کہ اس نے کئی دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تین ہفتے طویل آپریشن مکمل کرلیا۔
سکیورٹی ایجنسیوں نے آپریشن ‘لوسٹ سولز’ مڈلینڈ، ایکٹر، ایل پاسو اور ٹام گرین کاؤنٹیز کے علاقوں میں کیا، جس میں 70 لاپتہ بچوں کو بازیاب کرایا گیا۔ یہ آپریشن اپریل کے آخر سے مئی کے وسط تک جاری رہا۔
رپورٹ کے مطابق بازیاب کرائے گئے بچوں میں سے اکثر گھر سے بھاگے ہوئے تھے اور ان کی عمریں 10 سے 17 سال تھیں جبکہ ان میں جنسی استحصال کے ساتھ ساتھ انسانی اسمگلنگ کا شکار بچے بھی شامل ہیں۔
تفتیش کی نوعیت اور اس میں نابالغ بچوں کے شامل ہونے کی وجہ سے سکیورٹی ایجنسی نے تفتیش کے بارے میں مزید کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔