اسلام آباد:ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، ایک اور بچی پولیو وائرس کی زد میں آگئی ہے، جس کے بعد رواں برس ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد7 تک جا پہنچی ہے، جن میں سے چھ کیسز شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی سے سامنے آئے ہیں۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کی 7 ماہ کی بچی پولیو وائرس کی زد میں آئی ہے، جسے 2مئی کو معذوری رپورٹ ہوئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا بایاں بازو اور دونوں ٹانگیں بیماری کے باعث مفلوج ہوگئی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں 2014 اور 2019ء کی طرز پر دوبارہ پولیو کی وبا پھوٹ پڑی ہے کیونکہ اُس دوران بھی پولیو کیسز رپورٹ ہورہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہم اس وبا کے خاتمے کے لیے بھرپورکوششیں کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ بنوں سے رواں سال اپریل اور مئی کے دو ماحولیاتی نمونوں سے وائرس کی تصدیق ہوئی جو اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ شمالی وزیرستان تک محدود نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:ناروے میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا