لاہور: صوبہ پنجاب میں بڑی سیاسی پیشرف سامنے آئی ہے، پہلے مرحلے میں 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب نے کابینہ اراکین سے حلف لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے 8 اراکین نے تقریبِ حلف برداری میں ملک سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کابینہ اراکین سے حلف لیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت دیگر معروف شخصیات تقریب میں شریک ہوئیں۔
پاک ترکی سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ، وزیر اعظم ترکی کا دورہ آج کرینگے
پنجاب کابینہ کے حلف اٹھانے والے اراکین میں رانا محمد اقبال، عطا تارڑ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی، اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، حسن مرتضیٰ اور چوہدری بلال اصغر شامل ہیں۔
صوبائی وزراء کی جانب سے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھائے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے انہیں مبارکباد دی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔ صدرِ مملکت نے گورنر کی تقرری کی منظوری گزشتہ روز دی۔
خیال رہے کہ پنجاب کابینہ کے 8 اراکین نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف معمول کے برخلاف تاخیر سے اٹھایا ہے۔ قبل ازیں گورنر کی تقرری پر وزیر اعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے مابین اختلافات تھے۔ وزیر اعلیٰ کی تقریبِ حلف برداری میں بھی غیر ضروری تاخیر ہوئی۔