پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ دنوں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس قسم کی کوئی ہدایت نہیں دی، ایک عاشق رسول ﷺ ہوں ، ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے واقعے پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مدینے میں جو ہوا یہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ تکلیف میں نکل رہے ہیں عوام کے اندر غصہ ہے،ان لوگوں نے بیرونی سازش کا حصہ بن کر حکومت گرائی، میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس مقدس جگہ لوگوں کو آوازے کسنے کی ہدایت دوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی عاشق رسول ﷺ ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، مدینہ میں جب یہ واقعہ ہوا تو ہمارے تمام کارکنان شب دعا منا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دل میں جو رسول اللہ ﷺ کا مقام ہے وہ کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، میرا عقیدہ ہے کہ دل میں نبی کریم ﷺ کا عشق نہ ہو تو ایمان مکمل نہیں ہوتا، میں نے ہرفورم پراسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، شہباز شریف کو گارڈ آف آنرز پیش