حکومت نے ڈیزل کی قلت پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری پیٹرولیم علی رضا بھٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ورچوئل اجلاس ہوا جس میں اوگرا،پی ایس او حکام اور تیل مارکیٹنگ کمپنیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں۔21 دنوں کا ڈیزل اور 31 دنوں کے پیٹرول کا مطلوبہ ذخیرہ موجود ہے۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ڈیزل مہنگا ہونے کی افواہوں پر مصنوعی قلت پیدا کی گئی، ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ طور پر 52 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوزی کا انکشاف ہوا ہے۔
اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چھاپے مارنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں بعدازاں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائینگے۔
چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیزل کے مجاز ڈیلرز کے اسٹاک کی چیکنگ اور مانیٹرنگ سخت کی جائے اور ڈیزل کی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: دعا زہرہ نے کس سے نکاح کیا؟ اہم انکشافات سامنے آگئے