ڈرامہ سیریل ہم تم ، ہم ٹی وی پر نشر ہورہا ہے جس کی ہدایت کاری ماضی کے بلاک بسٹر ڈرامے ‘چپکے چپکے’ کے ہدایت کار دانش نواز نے کی ہے جبکہ ڈرامے کی مصنفہ صائمہ اکرم چوہدری ہیں جو کہ ماضی میں بھی کئی بہترین ڈرامے تحریر کرچکی ہیں، اُن کے کامیاب ڈراموں میں سنو چندا اور چپکے چپکے شامل ہیں۔
حال ہی میں ڈرامے کی ایک قسط نشر ہوئی جس میں احد رضا میر عرف آدم کی 25 ویں سالگرہ تھی اور اس موقع پر آدم کی بہن ملیحہ نے اپنے پڑوسیوں یعنی کہ پروفیسر قطب الدین کے گھرانے کو سالگرہ کی تقریب میں مدعو کرلیا۔
خیال رہے کہ رمشا خان اور آدم کی آپس میں بالکل نہیں بنتی اور وہ اکثراوقات ڈرامے میں لڑتے ہوئے نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سالگرہ کے موقع پر نیہا استاد اپنے جانی دشمن کیلئے بہت زبردست سا تحفہ پلان کرتی ہے اور اس منصوبے میں اس کی چھوٹی بہن ساشا بھی شامل ہوتی ہے۔
ڈرامہ سیریل ہم تم میں آدم کی بہن تحائف کھولنے کی شروعات ہی نیہا کے تحفے سے کرتی ہے کیونکہ وہ ڈبہ بہت بڑا ہوتا ہے بعدازاں نیہا کی بہن اسے کھولنے سے منع کرتی ہے کیونکہ اُسے معلوم ہوتا ہے کہ ڈبے کے اندر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ساشا کی بات ملیحہ بالکل نہیں سنتی اور ڈبے کھولتی رہتی ہے، ڈبے کے اندر سے ایک کرکے بہت سارے ڈبے نکلتے رہتے ہیں اور آخر میں ایک چھوٹا سا ڈبہ بچتا ہے، جس پر آدم کا باپ مزاحیہ انداز میں کہتا ہے کہ دیکھنا اس میں سے کوئی چھوٹی سی چیز نکلے گی اور وہی ہوتا ہے ڈبے میں سے ایک سلور اسپون نکلتا ہے اور بقول آدم کے باپ کے یہ آدم کو پروفیسر قطب کی چمچاگیری کی اعلیٰ خدمات کے نتیجے میں پیش کیا گیا ہے۔
مزید برآں اس وقعے کے بعد سے ڈرامے کے تمام کردار سلوراسپون کی وجہ سے آدم کا بہت مذاق اڑاتے ہیں، نیہااور اس کے دادو ہینڈسم کھانے کی میز پر چمچہ بول بول کر اُس کو تنگ کرتے رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈرامہ سیریل ‘ہم تم’ کی مقبولیت کی وجہ کیا ہے؟