لندن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے اتوار کے روز عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے خلاف ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایون فیلڈ فلیٹس سابق وزیراعظم نواز شریف رہائش پذیر ہیں۔
مشتعل کارکنوں نے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے خلاف نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر پاکستان کے جھنڈے لہراتے ہوئے نعرے بازی کی، ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے ایون فیلڈ فلیٹس پہنچ گئے۔
دونوں گروپوں کے درمیان تصادم کی صورتحال بن گئی اور دونوں جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان تصادم کے خوف سے پولیس کی نفری ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئی ہے تاکہ حالات پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا معاملہ، پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلافات