کراچی: اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ، کراچی میں 54 ڈیلی ویجز ملازمین اور مرحومین کوٹہ کے تحت 4 لواحقین کو مستقل کرنے اور انہیں لیٹرز دینے کے لیے ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں سیکریٹری بورڈ محمد کاشف صدیقی، اور افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیئرمین پروفیسر سعید الدین نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس خوشی کے موقع پر میں مستقل ہونے والے تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ آپ سب اپنے فرائض خوش اسلوبی اور دیانتداری سے سرانجام دینگے اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کی بہتری اور انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب کو مل کر انہیں سہولیات فراہم کرنی چاہیے۔
مزید برآں بورڈ ملازمین سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریگولر ملازمین کے پروموشنز بھی زیر غور ہیں اور انہیں بھی جلد پورا کردیا جائے گا۔
ملازمین بورڈ میں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کے لیے تشکر کے جذبات ابھر گئے بعدازاں انہوں نے چیئرمین بورڈ کے حق میں نعرے لگائے اور ایک دوسرے کو مبارکباد باد پیش کی اور تمام ڈیلی ویجز ملازمین کی جانب سے اظہار تشکر کے طور پر چیئرمین بورڈ کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔