اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی متحدہ اپوزیشن کا حصہ ہے پی ڈی ایم کا نہیں۔ وہ پاکستان پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ میں بیگم نصرت بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی نیئربخاری اور انچارج سیکرٹریٹ سبط حیدر بخاری نے تقریب میں شرکت کی جبکہ تقریب میں کارکنان بھی شریک ہوئے۔
سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نیئر حسین بخاری نے کہاکہ بھٹو صاحب کی شہادت کے بعد بیگم صاحبہ نے جو جدوجہد کی،بیگم صاحبہ نے جمہوریت کی بحالی کیلئے سر پر ہاکیاں کھائیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آج بھی جمہوریت کیلئے کوشش کررہی ہے،پاکستان کی موجودہ پوزیشن پر مطمئن ہے،حکمران گھبرائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چودہ لوگوں کو نوٹس دینے کے بعدو زیر اعظم کی اکثریت نہیں ہے،اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں۔اسپیکر جانبداری برت رہا ہے۔
عمران خان کا ووٹنگ سے پہلے استعفیٰ ہی سرپرائز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ گالم گلوچ بریگیڈ کے چند دن رہ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: غیر جمہوری شخص کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے،بلاول بھٹو زرداری