کراچی: بینک دولت پاکستان، حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر عام تعطیل کے باعث 23 مارچ بروزبدھ کو بند رہے گا۔
دوسری جانب بینک دولت پاکستان 19 اور 20 مارچ 2022 کو دو روزہ میلہ میرا پاکستان میرا گھرسرکل کلب فیصل آباد میں منعقد کر رہا ہے۔
یہ میلہ عوام کے لیے دونوں دن دوپہر 11 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رہے گا۔ اسٹیٹ بینک یہ تقریب بینکوں اور نیفڈا کے اشتراک سے کر رہا ہے۔
میلے میں بینکوں کی طرف سے میرا پاکستان میرا گھر کے تحت قرضے کی سہولت پر معلومات فراہم کی جائیں گی، جبکہ بلڈرز، ڈیولپرز اور ریئل اسٹیٹ ایجنٹ ایسے مختلف منصوبوں کی نمائش کریں گے۔
جن میں لوگ قرضے کی سہولت سے مکانات یا اپارٹمنٹ خرید سکیں گے۔ فیصل آباد کے وہ رہائشی جو اپنا گھر خریدنے/تعمیر کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انہیں یہ موقع ملے گا کہ وہ مکانات کا رعایتی قرضہ لینے سے متعلق اپنی اہلیت، قرضوں اور ماہانہ آمدنی کی بنیاد پر اپنی ماہانہ قسطوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔
وہ قرض لینے کی درخواست بھی بینکوں کو دے سکتے ہیں۔ بینک ان درخواستوں کی وہیں اصولی منظوری دے سکیں گے بشرطیکہ اس ضمن میں درکار معلومات انہیں فراہم کی جائیں۔
میلے میں فیملیوں کو مفت داخلے اور پارکنگ کے علاوہ اوپن قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات جیتنے، معروف گلوکاروں کا براہ راست کنسرٹ سننے، کھانے پینے کے اسٹالز اور بچوں اور نوجوانوں کے لیے دلچسپ فن ایریا سمیت دیگر تفریحی مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ملک کو طویل مدتی سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔شوکت ترین