جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ریاستی اداروں کے خلاف دئیے گئے بیان پر یو ٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ایک غیر جانبدار ادارہ ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے متنازعہ بیان پر وضاحت طلبی کے بعد جے یو آئی (ف) سربراہ نے اپنے ہی بیان سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تو کسی ادارے کا نام ہی نہیں لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: “کیار” طوفان سمندر برد، “ماہا” کراچی سے 940 کلومیٹر دُور رہ گیا
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاک فوج ایک غیر جانبدار ادارہ ہے اور ہم اداروں کو غیر جانبدار ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ہماری خواہش کا احترام کرے۔
فضل الرحمان نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی خواہش نہیں رکھتے، نہ ہی حکومتی اداروں سے تصادم ہمارا مقصد ہے۔
آزادی مارچ کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مارچ کا احترام کیا جائے، جبکہ ہم آج اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے رہبر کمیٹی اجلاس کے دوران آئندہ کے لائحۂ عمل پر تجاویز لیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ آزادی مارچ کے دوران حالات اگر اپوزیشن نے کنٹرول نہ کیے تو حکومت بھی نہیں کرے گی، کوشش ہے مشکل صورتحال پیدا نہ ہو۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی وزیر اعظم عمران خان سے آج ملاقات کرے گی جس میں اہم فیصلے ہوں گے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن نے حالات کنٹرول نہ کیے تو حکومت بھی نہیں کرے گی۔وزیر مذہبی امور