اسلام آباد: پاکستان نے غیرقانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 6 مزید کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت یاد رکھے جبرواستبداد کی کوئی بھی انتہاء اور طاقت کا بہیمانہ استعمال بہادر کشمیری عوام کے عزم و استقلال اور حوصلے متزلزل نہیں کرسکتا۔
عالمی برادری غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور عالمی انسانی قانون کی سنگین اور منظم انداز میں خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان گزشتہ تین دن کے دوران غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں اور نام نہاد چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں چھ مزید کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ انیس سالہ طالب علم کو آج ہر طرح کی قانونی گرفت سے آزاد قابض بھارتی فوج نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے اسلام آباد کے علاقے میں شہید کردیا، دسمبر کے مہینے میں اب تک قابض بھارتی افواج کم ازکم 18کشمیریوں کو شہید کرچکی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ماورائے قانون حراستوں، رات کے چھاپوں، توہین اور ہراساں کرنے، دھمکانے، جعلی مقابلوں اور چھاپوں کی کارروائیوں میں کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے اور قابض فوج کو کسی قانونی گرفت کا کوئی خوف نہیں۔
گزشتہ برس کے اپریل کے مہینے سے شہداء کے جسد خاکی کی اہل خانہ کی مرضی ومنشاء کے خلاف نامعلوم مقامات پر تدفین ’بی جے پی‘،’آر ایس ایس‘ کے اخلاقی دیوالیہ پن اور بہیمانہ سفاک رویوں کے مظاہر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت یاد رکھے کہ جبرواستبداد کی کوئی بھی انتہاء اور طاقت کا بہیمانہ استعمال بہادر کشمیری عوام کے عزم و استقلال اور حوصلے متزلزل نہیں کرسکتا۔
پاکستان عالمی برادری پر ایک بار پھر زور دیتا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور عالمی انسانی قانون کی سنگین اور منظم انداز میں خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا