کراچی: سندھ میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا معاملہ الجھ گیا، اسکولوں میں چھٹیاں دے دی گئیں تاہم محکمہ داخلہ سندھ نے سردیوں کی تعطیلات کا شیڈول دوبارہ مرتب کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر بروز پیر سے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ این سی او سی نے تین جنوری سے چھٹیاں دینے کی ہدایات دی ہیں۔
اب محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس میں چھٹیاں 20 دسمبر سے دینے کے بجائے تین جنوری سے کرنے کی بات کی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کو ازسرنو مرتب کیا جائے،3 جنوری سے سردیوں کی چھٹیاں شروع کی جائیں۔
محکمہ داخلہ نے اپنی سفارشات این سی او سی کی ہدایت کے مطابق محکمہ اسکولز، کالجز اور جامعات کو ارسال کردی ہیں۔دوسری جانب چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے سردی کی تعطیلات پر محکمہ داخلہ سندھ کے خط کو مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سردیوں کی چھٹیاں شروع ہو چکی ہیں، سندھ میں سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق 20 دسمبر سے یکم جنوری ہی تعطیلات ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبے اپنے شیڈول کے تحت چھٹیاں کررہے ہیں۔
گزشتہ ایک ہفتے سے تعطیلات کے مسئلے کو غیر ضروری طور پر طول دیا جارہا ہے، صوبائی معاملے پر وفاق کی مداخلت غیر ضروری ہے، وفاقی وزارت تعلیم غیر سنجیدہ اور قوت فیصلہ سے محروم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سردی کی تعطیلات ہر سال کا معاملہ ہے، کیا صوبے اس قابل نہیں کہ وہ خود اس کو طے کرسکیں؟
مزید پڑھیں: ڈی آئی جی ٹریفک کا عام شہری کے بھیس میں شاہراہ فیصل کا دورہ، 5اہلکار معطل