اسلام آباد:اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس کل اسلام آباد ہوگا اجلاس میں شرکت کے لیے وفود کی آمد شروع ہوگئی ،اسلام آباد میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے تین سیشن ہوں گے، ابتدائی اور اختتامی سیشن اوپن جبکہ ورکنگ سیشن ان کیمرہ ہو گا اور اجلاس میں افغان وفد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان میں ایک طویل عرصے کے بعد 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس ہونے جا رہا ہے، 15 اگست کے بعد افغانستان میں جو تبدیلی آئی اور اس کے بعد اس تبدیلی کے حوالے سے کئی خدشات سامنے آئے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک نے اس موقعے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ‘سینکشن پاکستان’ کی میڈیا مہم چلائی لیکن ان کا جھوٹ بے نقاب ہوا اور ہمارے میڈیا نے اس جھوٹ کو بے نقاب کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔
اس وقت افغانستان میں معاشی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاشی و انسانی بحران کے سبب مہاجرین کی یلغار کا خطرہ پھر سے سر اٹھا رہا ہے۔
15 اگست کے بعد ہم نے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے افغانستان کے قریبی 6 ہمسایہ ممالک کا فورم تشکیل دیا گیا اور اس کا پہلا ورچوئل اجلاس پاکستان، دوسرا تہران اور تیسرا اجلاس بیجنگ میں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ، اقوام متحدہ کے اداروں، پی 5 اور اہم یورپی ممالک کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا ہے۔
او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کے سلسلے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے شاہراہوں کو رنگ برنگی قمقموں اور خوبصورت بینرز سے سجا دیا گیا۔
مزید پڑھیں:او آئی سی کےاجلاس کےپیش نظر 20 دسمبر کو تعطیل کا باضابطہ اعلان