خانیوال: پاکستان مسلم لیگ ن پی پی 206 کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو شکست دے کراپنی سیٹ میں بچانے میں کامیاب ہو گئی۔ الیکشن جیتنے کی خوشی میں ن لیگ کے کارکنوں نے جشن منایا۔
2018ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر الیکشن ہارنے والے رانا محمد سلیم نے 2021ء کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر اپنی ہی پرانی جماعت تحریک انصاف کو ہرادیا۔
تحریک انصاف کی موجودہ امیدوار نورین نشاط ڈاہا کے شوہر 2018ء میں مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے اور الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے۔ نشاط ڈاہا کے انتقال کے باعث یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔ جس پر الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن کے لئے حلقے میں 183 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 2 لاکھ 30 ہزار 698 ووٹرز نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار سیکورٹی پر مامور تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان کے پیش نظر تمام پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا۔
پولنگ اسٹیشن 45 پر لیگی کارکن اور تحریک لبیک کے کارکنان میں گرما گرمی دیکھنے کو ملی، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر تشدد کیا اور ایک دوسرے پر تھپڑ اور مکوں کی بارش کی، پولیس اور رینجر کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔
واضح رہے کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تمام پولنگ سٹیشنز پر لیگی امیدوار رانا محمد سلیم 47 ہزار سے زائد ووٹ لیکر سے زائد ووٹ لے کامیاب ہوئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار نورین نشاط ڈاہا 32 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔
مزید پڑھیں: مولانا ہدایت الرحمن نے گوادر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا