کراچی: قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت سندھ کی عوام کے لیے سہولیات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وڈیرانہ سوچ رکھنے والی جماعت کبھی بھی عوام کی ترقی نہیں چاہے گی سندھ کی عوام کو صحت کارڈ دینے کے لیے سندھ حکومت تیار نہیں۔
پنجاب، کے پی کے کے بعد جی بی، آزاد کشمیر، بلوچستان کو مکمل صحت کارڈ کی سہولت ملنے جارہی ہے،سندھ حکومت نے راشن سبسڈی پروگرام میں بھی اپنا حصہ ڈالنے سے انکار کیا جس سے سندھ کی عوام کو مزید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
سندھ کی ترقی کے لیے ہر اقدام میں پی پی مخالفت کرتی ہے، سندھ کارڈ کھیلنے والے حکمران صرف سندھ کو لوٹ کر جائیدادیں بنانا جانتے ہیں صوبے کے وزیراعلیٰ کا کردار صرف نفرتیں بانٹنے تک محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی کابینہ میں ڈھکن کھولنے کے لیے تو وزیر موجود ہے لیکن عوام کے مسائل سننے کے لیے کوئی وزیر موجود نہیں، سندھ کی عوام کو اقلیت کہنے والے وزیراعلیٰ سندھ فیڈریشن کے خلاف سازش کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک کےعوام ہاتھ اٹھااٹھاکرحکومت کوبددعائیں دےرہےہیں،شہبازشریف