کراچی: گورنر سندھ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ (پاکستان ہلال احمر) کی سندھ برانچ کے صدرعمران اسماعیل کی ہدایت پر سوسائٹی کے نائب صدر سردار یاسین ملک نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان ریڈ کریسنٹ-سندھ کے تین سالہ جنرل باڈی اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے ثمر علی خان کو چیئرمین اور سردار یاسین ملک کو سوسائٹی کا نائب صدر نامزد کیا۔ ایوان نے اگلے تین سال کے لیے منیجنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب بھی کیا گیا۔
قبل ازیں سوسائٹی کی ایک ایکسٹراآرڈینری جنرل باڈی میٹنگ میں تمام ممبران نے پاکستان ریڈ کریسنٹ-سندھ کے آئین میں ترامیم کی منظوری دی، اجلاس میں لائف اور سالانہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
گورنر ہاؤس سے جاری پیغام کے مطابق گورنر سندھ نے سندھ ہلال احمر کی انتظامیہ کی جانب سے صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے مختلف شعبوں میں شاندار پیش رفت کو سراہا۔
پیغام میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل قابل ستائش ہے کہ سندھ ہلال احمر نے عوام کو مفت کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت اور ویکسی نیشن سروس فراہم کرنے میں نمایاں کام سرانجام دیا۔
گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ کرونا ایمرجنسی میں امدادی کاموں کو سرانجام دینے کے علاوہ ہلال احمر نے سندھ کے مختلف اضلاع میں ہر آفات کے دوران امداد فراہم کرنے کے اپنے رجحان کو برقرار رکھا ہے۔
گورنرعمران اسماعیل نے انسانی خدمات کے پرچم کو بلند رکھنے پر چیئرمین شہناز ایس حامد کی قیادت، ان کی ٹیم کی محنت اور رضاکاروں کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ خدمت کا جذبہ انسانیت کی شان ہے، عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان ہلال احمر کا حصہ بنیں۔
چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ شہناز ایس حامد نے سوسائٹی کی سرگرمیوں کی چار سالہ رپورٹ 2018-2021 پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ہلال احمر تمام بڑی آفات اور ہنگامی حالات میں متحرک رہا اور ضرورت کے وقت متاثرین کو امداد فراہم کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہلال احمر نے کورونا وبا کے بارے میں شعور اجاگر کیا، مفت کورونا وائرس کی جانچ کی سہولت فراہم کی، ہسپتالوں کو پی پی ای کٹس اور جراثیم کش ادویات فراہم کیں۔
متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور نقد رقم تقسیم کی، اور عوام کے لیے کورونا وائرس موبائل ویکسینیشن یونٹس قائم کیے۔
مزید پڑھیں: رواں ہفتے بلوچستان کیلئے سب سے بڑاپیکج لارہے ہیں،فوادچوہدری