اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں گیس بحران کے پیشِ نظر گیس کے ذخائر میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے گیس چوری اور ضیاع سے متعلق تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گیس کے ذخائر ختم ہونے کے قریب ہیں جن میں سالانہ کمی کی شرح 9 فیصد ہوگئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
امریکہ کی جمہوریت پر سمٹ،پاکستان کا عدم شرکت کا فیصلہ
کابینہ اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ اگر گیس کے نئے ذخائر دریافت نہ ہوئے تو آئندہ سالوں میں گیس مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ ملک بھر کی صنعتوں اور گھریلو صارفین کو صرف درآمدی گیس مہیا کی جاسکے گی۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ درآمد کی گئی گیس میں اضافے کیلئے نئے ایل این جی ٹرمینلز تعمیر کیے جارہے ہیں۔ روس کے تعاون سے گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے گیس کی پیداوار میں کمی کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران متعلقہ وزارت کو گیس چوری اور ضیاع کے متعلق رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گیس بحران کی تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیر اعظم نے گیس ذخائر میں بہتری کیلئے منصوبوں کے آغاز کی بھی ہدایت کی۔