اسلام آباد:پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن اور پاکستان ہندو کونسل کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے، یاداشت پر پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل(ر) ارشد ملک اور پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار نے دستخط کئے۔
ذرائع کے مطابق معائدے کی رو سے پی آئی اے اور پاکستان ہندو کونسل ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے مل کام کریں گے، پی آئی اے اندرون ملک، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے ہندو یاتریوں کیلئے خصوصی پروازیں فراہم کرے گا۔
پاکستان آنے والے ہندؤوں کی امیگریشن۔سفری سہولیات سیکورٹی پر ڈاکٹر رمیش لال کی جانب سے ادارے کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ گزشتہ ہفتے آپریٹ ہونے والی پرواز اور بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستانی حکام اور عوام کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پی آئی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایسی سہولیات فراہم کریں گے کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ ملے۔
سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی مذاہب کی اہم اور مقدس عبادت گاہیں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی ائیرلائن پاکستان کے مختلف شہروں میں ہندؤوں کے مذہبی مقاماتِ تک رسائی کے اقدامات میں تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے قائد اعظم کے مشن یعنی پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے پناہ گاہ ہے، پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عمرہ زائرین کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم، پی آئی اے کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی