پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر کارکنان نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری آج ہونے والے 55ویں یومِ تاسیس کے جلسے سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے 1967 میں سیاست کا سفر چیئرمین ذوالفقار بھٹو شہید کی قیادت میں شروع کیا۔ پیپلز پارٹی آج پشاور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور چیئر پرسن پی پی پی بے نظیر بھٹو شہید کو یاد کیا جائے گا۔
پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے،بلاول بھٹو زرداری
سینیٹر شیری رحمان کا کورونا فنڈ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج پشاور میں ہونے والے یومِ تاسیس کے جلسے سے خطاب کریں گے تاہم جلسے سے قبل پی پی پی کارکنان اور رہنماؤں نے ایک اور جلسہ منعقد کیا۔ پشاور کے کبوتر چوک پر ہزاروں کارکنان نے ڈیرے ڈال لیے۔
جیالوں نے یومِ تاسیس کی خوشی میں موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی۔ پارٹی ترانے بجائے گئے اور کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ سابق صدرِ مملکت و شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے جمہوریت سے نفرت کی سوچ کو شکست دی۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقِ حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔ ہماری جماعت ہمیشہ عوام کی طاقت اور ووٹ سے اقتدار میں آئی۔ ہم پی پی پی والے عوام پر مرضی مسلط کرنے والوں کی سوچ کی مزاحمت کر رہے ہیں۔
شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا کہ ہم پاکستان کو غربت، بے روزگاری اور شدت پسندی سے پاک ملک بنائیں گے۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔