لاہور: پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 84 شرپسندوں کی نادرا سے شناخت کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے شناخت کیے جانے والے افراد کے تمام تر کوائف بھی حاصل کر لیے۔ شہریوں نے پنجاب حکومت کو 281افراد کی معلومات فراہم کی تھیں۔
جلاؤ گھیراؤ میں ایجنسیاں ملوث، شواہد موجود ہیں۔ عمران خان
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو 166افراد کی شناخت کیلئے ڈیٹا ارسال کیا گیا۔ پنجاب حکومت کو عوام سے 1 ہزار 173 شرپسندوں کی تصاویر بھی موصول ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت کو سب سے زیادہ معلومات واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہوئیں۔ متعدد افراد کی شناخت سوشل میڈیا لنکس کے ذریعے بھی عمل میں لائی جاچکی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے واقعات پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ میں ایجنسیاں ملوث تھیں جس کے ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس کسی بھی آزادانہ تحقیق یا تفتیش میں پیش کرنے کیلئے کافی شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ میں ایجنسیاں ملوث تھیں۔