صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے آپ نے اسلام آباد آنا ہے، ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔
عمران خان نے پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے آپ نے اسلام آباد آنا ہے، جواسلام آباد نہیں آئے گا وہ صوابی میں نکلے گا، غلامی اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت منظور نہیں کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں نے قربانیاں دیں، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ 80ہزارلوگ قربان کردیئے کیا امریکا نے شکریہ ادا کیا؟
انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کی امریکا سے تین گنا زیادہ شہادتیں ہوئیں، یاد رکھوغلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، امپورٹڈ حکومت امریکی سازش کے تحت مسلط کی گئی، کسی صورت امریکا کے غلام، چوروں، ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرنا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان دوخاندانوں کواس لیے مسلط کیا گیا ان میں جرات نہیں ہے، دونوں خاندان پیسے کی پوجا کرتے ہیں، یہ کبھی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، یہ کبھی اپنے آقاؤں کے سامنے زبان نہیں کھولیں گے اس لیے مسلط کیا گیا، ان کوپتا تھا عمران کبھی بیس نہیں دے گا۔ ان کوپتا ہے عمران خان کا جینا مرنا پاکستان ہے، اس لیے یہ سازش کی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 30 سال سے دو خاندان ملک میں حکمرانی کر رہے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے ہم تو بھکاری اس لیے غلام ہیں، ان کا ایک وزیر کہتا ہے ہم تو امریکا کی غلامی کرنے پر مجبور ہیں، پاکستانیو!یہ دو بت کی پوجا کرتے ہیں، ایک پیسے اور دوسرا خوف کا بت ہے، ہمارے نبیﷺ نے پہلے لوگوں کو خوف سے نجات دلائی تھی، ہم نے علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ زرداری، شریفوں نے 10 سال حکومت کی، دس سال ڈیزل ان کے ساتھ فٹ ہوا تھا، تھری سٹوجز نے 10سال حکومت کی تو 400 ڈرون حملے ہوئے، چارہزارمیل دوربیٹھ کرقبائلی علاقوں میں ڈرون حملے کیے گئے۔ اس دوران بچے، بزرگ مرے، باجوڑ کے مدرسے میں 64 بچے شہید ہوئے، وزیرستان میں ڈرون حملوں میں 60 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں جب لوگ بچانے آئے تو دوسرا ڈرون حملہ کر دیا گیا، شادیوں، جنازوں میں ڈرون حملے ہوئے، زرداری،گیدڑنوازشریف نے ایک بارپھی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج نہیں کیا۔ کیا امریکا اپنے ملک میں دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون حملہ کرے گا؟ کیا برطانیہ ہمیں متحدہ بانی جیسے دہشت گرد کومارنے کے لیے ڈرون کی اجازت دے گا؟
عمران خان نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، اور 24 ارب کا کیس پکڑا، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہو گا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان پرایٹم بم گرا لیکن اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے لیکن پھربھی قوم تگڑی ہے، جب قوم کی اخلاقیات ختم کردی جائے توقوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے، 60 فیصد کابینہ کے لوگ ضمانتوں پر ہے۔
مزید پڑھیں:چینی باشندوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کریں گے: وزیراعظم کی چینی ہم منصب کو یقین دہانی