بین الاقوامی سطح پر دنیائے موسیقی میں نام پیدا کرنے والے پاکستانی گلوکار اور قوال نصرت فتح علی خان کی آج 72ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
نصرت فتح علی خان کا تعلق فیصل آباد کے مشہور موسیقی کے خانوادے سے ہے جہاں گھر کا ہر فرد قوالی اور محفلِ سماع کے اسرارورموز سے خوب واقف تھا، نصرت فتح علی خان 13 اکتوبر 1948 ء کو پیدا ہوئے۔
بچپن سے ہی نصرت فتح علی خان موسیقی سے آشنا رہے اور گائیکی کا شوق خاندان سے ورثے میں ملا، 16 سال کے تھے جب انہیں قوالی سکھائی گئی تاہم نصرت فتح علی خان کی پہچان صرف قوالی نہیں ہے۔
عالمی شہرت یافتہ نصرت فتح علی خان نے کلاسیکی موسیقی کے ساتھ ساتھ جدید میوزک پر بھی دسترس حاصل کی اور غزلوں اور راگ سے لے کر فلمی گیتوں تک ہر صنف میں طبع آزمائی کی اور مداحوں سے بے شمار داد وصول کی۔
کلاسیکل اور فلمی موسیقی کے ساتھ ساتھ نصرت فتح علی خان نے قوالیاں بھی جاری رکھیں اور ایک موسیقار کے طور پر بے شمار ایسی ایسی دھنیں ترتیب دیں جنہیں ہمسایہ ملک بھارت میں 80ء کی دہائی سے نقل کیا جارہا ہے۔
آج بھی نصرت فتح علی خان کے بنائے گئے گیت کبھی ان کے اپنے نام سے اور کبھی بھارتی موسیقاروں کے نام اور بھارتی گلوکاروں کی آوازوں میں بھارت اور پاکستان میں بجتے ہیں اور ایک دُنیا ان پر سر دھنتی نظر آتی ہے۔
صرف قوالی کی بات کی جائے تو نصرت فتح علی خان 125 سے زائد البم جاری کرچکے تھے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نصرت فتح علی خان کا نام شامل ہے جبکہ بے شمار قومی و بین الاقوامی اعزازات پانے والے نصرت فتح علی خان صرف 48 برس کی عمر میں دُنیائے فانی سے 1997ء میں 16 ستمبر کے روز وفات پا گئے۔ آج بھی انہیں یاد کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نصرت فتح علی خان: موسیقی کی دنیا کی ایک ناقابل فراموش آواز