وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں کورونا سے انتقال کرنے والے افراد میں سے 70 فیصد مرد ہیں جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب 5 اعشاریہ 92 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کا تناسب کراچی میں 13 اعشاریہ 84 فیصد رہا۔ حیدر آباد میں 8 اعشاریہ 78 فیصد، سوات میں 7 اعشاریہ 89 فیصد رہا۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 2 ہزار 219 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ آزاد کشمیر میں کیسز کا تناسب 2 اعشاریہ 14 فیصد جبکہ بلوچستان میں 4 اعشاریہ 95 فیصد رہا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ 62 فیصد جبکہ اسلام آباد میں 3 اعشاریہ 98 فیصد رہا۔ خیبر پختونخوا میں کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 87 فیصد رہی۔
صوبہ پنجاب میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 44 فیصد جبکہ سندھ میں 8 اعشاریہ 40 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح 2 اعشاریہ 18 فیصد ہو گئی۔ کورونا سے اموات میں 70 فیصد مرد شامل ہیں۔ انتقال کرنے والے 77 اعشاریہ 5 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے 4 لاکھ 77 ہزار افراد متاثر، 10 ہزار سے زائد جاں بحق