ملک کے بیشتر علاقوں میں جولائی میں معمول سے 181 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، جس سے زائد بارشوں کا 61 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں 305 فیصد، سندھ میں 218 فیصد، پنجاب میں 101 فیصد، خیبر پختون خوا میں26 فیصد، گلگت بلتستان میں 68 فیصد اور آزاد جموں کشمیر میں 9 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ملک میں بارشوں کا چوتھا اسپیل آج سے سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ چوتھے اسپیل میں مون سون ہوائیں درمیانی شدت کی ہوں گی جن کے تحت تھر پارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص، بدین اور دیگر اضلاع میں 5 سے 9 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چوتھا سپیل 6 سے 9 اگست کے درمیان آئے گا جس میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا ایک اور سسٹم 10 اگست سے سندھ پر اثر انداز ہو گا جس کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 اگست تک تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے تیز بارشوں کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔