کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کے 6 ہسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کیے جائیں۔
شہرِ قائد میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر صحت، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری انویسٹمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری صحت، ریحان بلوچ اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی۔ سول اسپتال میں 12،جناح اسپتال میں 15، لیاری جنرل اسپتال میں 18، جبکہ ٹراما سینٹر میں 26بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اس کے علاوہ ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی کی گئی۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے، تاکہ بروقت ضرورت پڑنے پر کوئی پریشانی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ 3 اسپتالوں میں قائم کیا جائے گا۔59 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ سول اسپتال، 65 بستروں کا جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دورانِ اجلاس وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کو منتقل کرنا شروع کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی۔
بعد ازاں گفتگو کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اللہ پاک کا کرم ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جارہے ہیں۔ ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ایک ماہ کی بکنگ کرکے ڈاکٹرز کیلئے رہائش کا بندوبست کیا جائے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ڈاکٹر کو الگ روم فراہم کیا جائے۔وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور ڈیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے۔