پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیل کے گودام میں کھڑے ٹینکر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 5 افراد جھلس گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ بائی پاس کے قریب معافی والا کے علاقے میں قائم تیل کے گودام میں آتشزدگی ہوئی۔ کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے صورتحال تشویشناک ہوگئی۔
نوکری کا جھانسہ دیکر لڑکی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار
ٹینکر میں لگی آگ نے کچھ ہی وقت میں 2 مزید آئل کنٹینرز اور قریبی پلاسٹک فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ گودام میں کام کرنے والے 5افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
ریسکیو ورکرز واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں برن سینٹر کی عدم موجودگی کے باعث زخمیوں کو لاہور منتقل کرنا پڑا۔
زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ فائر فائٹرز نے 3 گھنٹوں میں آگ پر قابو پالیا۔ فائر فائٹنگ آپریشن میں ریسکیو کی 10 گاڑیاں شریک ہوئی تھیں۔
تاحال آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث لاکھوں کا سامان جل گیا جس میں پیٹرول کے علاوہ فیکٹری کا سازوسامان بھی شامل ہے۔