لاہور: صوبہ پنجاب میں سرکاری اسکولوں میں کورونا کے خوف سے طلباء کی تعداد میں مسلسل کمی ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، ایس او یز کی خلاف ورزی کے باعث صوبہ پنجاب میں ہزاروں طلباء نے اسکول جانا چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں، والدین کی اکثریت نے کورونا کے پیشِ نظر بچوں کا اسکول چھڑوا دیا ہے۔
بزدار سرکار بھی تعلیم کی بد ترین صورتحال پر پریشان نظر آتی ہے، صوبے بھر میں ضلع رحیم یار خان سرکاری اسکولوں میں بچوں کی تعلیم میں کمی کے معاملے میں پہلے نمبر پر آگیا جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کا دوسرا نمبر ہے۔
اسکول چھوڑ جانے والے طلباء میں زیادہ تعداد لڑکوں کی ہے۔ رحیم یار خان کے 22 ہزار طلباء سے والدین نے تعلیم چھڑا دی جبکہ لاہور کے 18 ہزارسے زائد بچے تعلیم چھوڑ گئے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں مجموعی طور پر 6 لاکھ بچوں نے اسکول چھوڑ دیا۔
وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی ہدایت پر اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے 10 لاکھ بچوں کی حاضری کا ہدف مقرر کردیا جو آئندہ 5 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، تاہم بچوں کے اسکول چھوڑنے کے رجحان میں اضافے کے باعث ہدف کی تکمیل ناممکن نظر آتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیم کا سلسلہ مکمل بحال، کالجز اور یونیورسٹیز میں بھی پڑھائی شروع