شہرقائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کےباعث مختلف علاقوں میں بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں ، کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، کئی مقامات پر بجلی بھی غائب ہوگئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب گئے۔ کئی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے متعدد سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
سائٹ ایریا میں بنوريہ ہوٹل کےقريب کرنٹ لگنے سے2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری اور کلفٹن میں بھی 2 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ملیر اور سرجانی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے سڑکوں کو تالاب بنا دیا۔
بارش کی بوندیں برستے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔ گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، ایف بی ایریا، محمود آباد، بلدیہ ٹاون اور کورنگی میں لوگ پریشانی سے دوچار ہیں۔ بارش سے کے الیکٹرک کے ناقص انتظامات کی قلعی کھل گئی۔
بارش کے بعد واٹر بورڈ کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں پہنچ گئیں اور پانی نکالنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہوچکا ہے، حالیہ سسٹم سے بارش کا آج آخری روز ہے، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا۔
ادھر ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے سجن واری میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔