نئی دہلی: پیر کی صبح سویرے نئی دہلی کے رہائشی ایک زوردار جھٹکے سے چونک اٹھے جب طلوع آفتاب سے قبل 4شدت کا زلزلہ آیا۔
زلزلے کا مرکز وسیع و عریض شہر کے مضافات میں واقع تھاجس کی گہرائی 10 کلومیٹر (6 میل) تھی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس زلزلے کی شدت 4.8 تھی۔
زلزلے کا مرکز راولپنڈی کے جنوب مشرق میں 8 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور اس کی گہرائی 17 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
اگرچہ فوری طور پر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، لیکن خوفزدہ شہری گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ عمارتوں میں لرزش محسوس کی گئی۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں شہر کے باشندوں کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہنگامی مدد کے لیے ایک رابطہ نمبر بھی فراہم کیا۔
شمالی بھارت ایک اہم ارضیاتی فالٹ لائن پر واقع ہے، جہاں بھارتی ٹیکٹونک پلیٹ یوریشین پلیٹ سے ٹکراتی ہے، جس کے نتیجے میں اس خطے میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔