اسلام آباد: پاکستان نے ملک کیلئے نمایاں خدمات کی انجام دہی پر معروف ملکی و غیر ملکی شخصیات کو اعزازات سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف شاعر افتخار عارف کو نشانِ امتیاز سے نوازا جائے گا، ہاکی ٹیم کے سابق کپتان صلاح الدین کو بھی نشانِ امتیاز دیا جائے گا۔ نیو کلیئر سائنسدان حفیظ قریشی بھی نشانِ امتیاز سے نوازے جائیں گے۔
پٹرول کی قیمت میں 15 روپے تک فی لیٹر اضافے کا خدشہ
سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، معروف سیاسی رہنما راجہ ظفر الحق، سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر اور ائیر مارشل (ر) نجیب اختر سمیت دیگر شخصیات کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سی ای او ہم ٹی وی درید قریشی، معروف ماہرِ تعمیرات ملیکہ جنید اور مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمٰن کو ملک کیلئے شاندار خدمات کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ نامور شاعر انور مسعود کو ہلالِ امتیاز دیا جائے گا۔
سماجی کارکن ڈاکٹر امجد ثاقب اور فلم پروڈیوسر ستیش آنند اور معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا جبکہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو ہلالِ شجاعت دیا جائے گا۔
کوہ پیما نائلہ کیانی کو بھی ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو ہلالِ پاکستان کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ چینی نائب وزیر اعظم ہی لیفنگ کیلئے ہلالِ پاکستان کے اعزاز کا اعلان کیا گیا ہے۔