جنوبی کوریا کے شہر سیول میں بتیس سالہ کورین ماڈل شن ہے ری کے اچانک انتقال نے ہر آنکھ اشکبار کردی۔ ساتھی فنکارہ کا درد بھرا پیغام وائرل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ فلکس سمیت دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھارت کو ٹکر دینے والے ملک جنوبی کوریا کی 32سالہ ماڈل اور ماضی میں مس کوریا کے مقابلۂ حسن میں حصہ لینے والی فنکارہ شن ہے ری نے کچھ ہی عرصہ قبل اچانک شوبز کی دنیا کو چھوڑ دیا۔
ہم وطن کورین ماڈل جو جی ینگ نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذبات سے لبریز پیغام میں کہا کہ 15ستمبر کو انتقال کر جانے والی شن ہے ری کیلئے ہمدردی کا اظہار اور تعزیت کے پیغامات ارسال کریں تاکہ وہ اپنے آخری سفر پر جاتے ہوئے اکیلا محسوس نہ کرے۔
سوشل میڈیا پر شن ہے ری کے اچانک انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ انتقال کی خبر کے ساتھ ہی جو جی ینگ کا جذبات اور درد سے بھرپور پیغام بھی وائرل ہوگیا جبکہ مداحوں کے پاس شن ہے ری کے انتقال کی مزید تفصیلات کے نام پر جو جی ینگ کے پیغام کے سوا کچھ بھی نہیں۔
اتوار کے روز جوان العمر شن ہے ری کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئیں۔ اچانک انتقال کر جانے والی کورین ماڈل کے آخری سفر کے آغاز کے بعد ادا کی جانے والی رسومات میں شن ہے ری کے سفر آخرت کیلئے دعائیں کی گئیں اور ان کی خدمات کی ہر سطح پر تعریف بھی کی گئی۔
گزشتہ ماہ 31اگست کے روز شن ہے ری کی بطور روڈ گرل ماڈلنگ سے ریٹائرمنٹ کے بعد خوبصورت تقریب منعقد ہوئی جس پر آنجہانی ماڈل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ اپنا ایک جذباتی پیغام شیئر کیا تھا۔ مداحوں کی بڑی تعداد آج اس پیغام کو بھی پڑھ رہی ہے اور اسے یاد کررہی ہے۔
ماضی میں شن ہے ری نے عوامی توجہ اس وقت حاصل کی جب وہ 2012 کے مس کوریا مقابلے میں شریک ہوئی تھیں۔ انہوں نے جنوبی کوریا کے ریسنگ ایونٹس میں 2014 میں ماڈلنگ کا آغاز کیا اور پھر مکسڈ مارشل آرٹس میں بھی رنگ گرل کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔