نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں 30 شدت پسندوں نے کرسمس پروگرام پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ پولیس نے چرچ کے سربراہ سمیت 6افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتراکھنڈ کے ضلع اتراکاشی میں واقع پرولا گاؤں میں پیش آیا جہاں کے 30 نوجوان ملزمان نے کرسمس پروگرام پر جبری مذہب تبدیلی کا الزام عائد کرتے ہوئے لاٹھیوں سے حملہ کیا۔
مسیحی برادری کا دنیا بھر میں کرسمس کا مذہبی تہوار
جمعہ کی دوپہر کو پیش آنے والے واقعے میں سینٹ ہوپ اینڈ لائف چرچ پر حملہ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے شدت پسند ملزمان کا تعلق مختلف متعصب ہندو جماعتوں سے ہے۔
بھارتی پولیس نے لاٹھیوں سے حملے کا نشانہ بننے والے یونین چرچ کے لیڈر لازارس کارٹیلیس اور ان کی اہلیہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کا مذہبی تہوار منایا جس کیلئے مختلف شہروں میں کرسمس ٹری سجانے اور گرجا گھروں میں چراغاں کا اہتمام کیا گیا تھا۔
ہر سال 25 دسمبر کو مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکستان کے مختلف شہروں اور بھارت سمیت دنیا بھر میں گرجا گھروں اور رہائشی علاقوں میں عبادات اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔