نئی دہلی: بھارت میں طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں تھمنے میں نہیں آتیں جس پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، مودی حکومت کو 30 طیارے تباہ کرنے کی دھمکی موصول ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی رات ائیر انڈیا سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں کام کرنے والی دیگر ائیر لائنز کے 30 طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملیں۔ خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ مختلف ملکی اور عالمی فلائٹس میں بم کی موجودگی کی دھمکی موصول ہوئی۔
ذرائع کے حوالے سے بھارتی میڈیا (نیوز 18) کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ انڈیکو، وِسٹا اور ائیر انڈیا کی فلائٹس میں بم رکھے جانے کی اطلاعات ملیں۔ فلائٹس کے نمبرز بھی فراہم کردئیے گئے۔ انڈیگو کے ترجمان نے منگل کے روز کہا کہ ہماری 4پروازوں میں بم کی موجودگی کی دھمکی ملی ہے۔
بم کی موجودگی کی دھمکیوں پر بھارتی مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، عوام کی بڑی تعداد نے فضائی سفر نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ہفتے کے روز ملک میں 100 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ قابلِ ذکر طور پر ایک ہفتے میں بم کی دھمکیوں کے باعث 114پروازیں متاثر ہوئیں۔
نیوز 18 کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی 36 بھارتی طیاروں میں بم کی موجودگی کی دھمکی دی گئی جن میں انڈیگو، وستارا، آکاسا ائیر، ائیر انڈیا اور ائیر انڈیا ایکسپریس شامل تھے۔ بھارتی دارالحکومت دہلی کے ہوائی اڈے پر بھی 8 فلائٹس میں بم کی موجودگی کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔