کراچی کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 نوجوانوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت وقاص ولد اسلم، ذیشان ولد اسلم اور وقار ولد نور محمد کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
زخمی ہونے والے تینوں افراد کی عمریں 23 سے 32 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس نے واقعے پر تفتیش شروع کردی۔ زخمیوں کے بیانات سامنے آنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل ڈی سی سینٹرل آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کا رواں ماہ کے آغاز میں پیش آنے والے واقعے کے متعلق کہنا تھا کہ ڈی سی سینٹرل آفس کے قریب منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے گاڑی میں موجود سیکیورٹی گارڈز کو نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: گاڑی پر فائرنگ، دو سیکورٹی گارڈ ہلاک، ڈاکو رقم لوٹ کر فرار
قبل ازیں کراچی میں گلبائی پل پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 چینی شہری زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا۔
گزشتہ ماہ 28 جولائی کی صبح کراچی پولیس نے بتایا کہ گلبائی پل پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 چینی شہری زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ، 2 چینی شہری زخمی