چودہ پاکستانی پاسپورٹس اور 244 ایمرجنسی دستاویزات پر ڈیپورٹ کردیے گئے ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین سمیت 7 ملکوں سے 258 پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کیا گیاہے۔
7 بھکاریوں سمیت 232 افراد سعودی عرب جبکہ یو اے ای سے 21 پاکستانی ڈیپورٹ ہوئےہیں، اسی طرح چین، قطر، انڈونیشیا، قبرص اور نائجیریا سے بھی پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کیا گیاہے۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 پاکستانی پاسپورٹس اور 244 ایمرجنسی دستاویزات پر ڈیپورٹ کئے گئےہیں، ڈی پورٹیز میں سے ایک شخص کی شہریت مشکوک ہے جبکہ 16 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بغیر پرمٹ حج پر پکڑے گئے 2 افراد کو سزا پوری ہونے پر وطن واپس بھیج دیا گیا ہے ۔ اسی طرح عمرے پر گئے 4 پاکستانیوں کو زائد المیاد قیام پر سزا دے کر وطن واپس بھیجا گیاہے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق 27 پاکستانی کفیل کے بغیر ملازمت کرتے پکڑے گئے تھےجبکہ سعودیہ میں 16 افراد ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعدبھی قیام پزیر تھے۔ 112 پاکستانیوں کو کفیلوں کی شکایت پر گرفتار کرکے پاکستان بھیجا گیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای سے 21 پاکستانی ڈی پورٹ اور 4 منشیات اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ یو اے ای اور نائجیریا سے ڈی پورٹ 16 افراد کے نام امیگریشن اسٹاپ لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔