اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت ملک بھر کے 20 مشہورومعروف سیاستدان دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ اقتدار میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث 20 نامور سیاستدانوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں جن کیلئے وزارتِ داخلہ نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف بھی سازش ہو رہی ہے، فورسز نے کسی دہشت گردی کو کامیاب نہیں ہونے دیا، ہم نے مولانا فضل الرحمان کو حملے کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ نواز شریف کا وطیرہ رہا ہے، پاک فوج یا عدلیہ کا کوئی سربراہ ایسا نہیں جس سے ان کی محاذ آرائی نہ ہوئی ہو، سابق وزیرِ اعظم نے اپنی سیاست اپنے ہاتھوں سے دفن کردی۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے مرتکب افراد کو نہیں چھوڑیں گے، ایسی قانون سازی کی جائے گی، کرپٹ لوگ نہیں بچیں گے۔ فضل الرحمان ذاتی لڑائی لڑنے سے اجتناب کریں۔
مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے اس اسمبلی کو ناجائز قرار دیا جس میں خود صدارتی امیدوار بن چکے ہیں۔ فضل الرحمان کا سیاسی مستقبل کچھ نہیں، نہ ان کا خواب پورا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والوں کی سیاست دیکھئے تو یہ میڈیا میڈیا کھیلتے نظر آتے ہیں۔ ہر سیاسی خاندان کمپنی کی مشہوری کیلئے 1 آدمی کو میدان میں چھوڑ چکا ہے۔ اپوزیشن کو چاہئے سینیٹ انتخابات میں حصہ لے، نہ لیا تو سینیٹ میں دو تہائی اکثریت پی ٹی آئی کی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، دہشتگروں کی فائرنگ ، جوان شہید