کراچی: جعلی شناختی کارڈ کیس میں ایف آئی اے نے نادرا کے 2 اعلیٰ افسران کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک غیر ملکی شہری فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف ائی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل، کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا حماد حسین، سینئر ایگزیکٹو نادرا رضوان خان اور غیر ملکی شہری جاوید کے خلاف مقدمہ نمبر 110 درج کرلیا۔
مقدمہ نادرا حکام کی تحریری شکایت پر درج کیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا حماد حسین کی ملی بھگت سے غیر ملکی شہری جاوید نے جعلی دستی این آئی سی کی بنیاد پر دھوکہ دہی سے اپنے نادرا رجسٹریشن فارم پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ حاصل کر لیا۔
غیر ملکی شہری جاوید نے 46 برس کی عمر میں اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوالیا۔ ملزم نے جس دستی این آئی سی کی بنیاد پر اپنا کمپیوٹرائزڈ این آئی سی بنوایا، وہ ایک خاتون مسمات بشیراں کو جاری کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد نادرا افسران گرفتار ہوگئے۔
ایف آئی اے نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرحماد حسین اور سینئر ایگزیکٹو نادرا رضوان خان کو حراست میں لے لیا۔ غیر ملکی شہری جاوید کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ جعلی شناختی کارڈ کیس میں اب تک 5 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔
اب تک گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد 16 ہوگئی جن میں نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) کے اعلیٰ افسران، غیر ملکی شہری اور ایجنٹس شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی، مدرسے کی کمسن طالبہ سے زیادتی، دینی معلم گرفتار